کراچی : جوہر میں 11ایکڑ اراضی واگزار-لینڈمافیا کے 2کارندے گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گلستان جوہر میں تجاوزات اور غیر قانونی قبضوں کے خلاف کے ڈی اے اور اینٹی انکروچمنٹ کے عملے نے آپریشن کرتے ہوئے 11ایکڑ اراضی واگزارکرلی ،لینڈ مافیا کی جانب سے مزاحمت کرنے والے دو افراد کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ دوسرے مقام پر مشتعل افراد نے نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر اور کیمرا مین کو تشدد کا نشانہ بنایا اور انکی قیمتی گھڑی اور موبائل فون بھی چھین لیا پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ۔ تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر بلاک 6میں قبضہ کی جانے والی کے ڈی اے کی گیارہ ایکڑاراضی پر کے ڈی اے ، اینٹی انکروچمنٹ اور علاقہ پولیس نے آپریشن شروع کیا اس دوران چند افراد نے ٹیم پر دھاوا بول دیا تاہم پولیس نے ہوائی فائرنگ اور لاٹھی چارج کرتے ہوئے دو افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ دیگر مشتعل افراد موقع سے فرار ہوگئے۔

اینٹی انکروچمنٹ کے افسر احمد جعفری نے بتایا کہ عدالت کے حکم پر ٹیم نے کے ڈی اے کی گیارہ ایکڑ کی اراضی کو واگزار کرلیا۔ لینڈ مافیا کے کارندوں نے گیارہ ایکڑ کی اراضی کو باؤنڈری وال کیا ہوا تھا جس میں تین کمرے وغیرہ تعمیر تھے جبکہ غیر قانونی طور بچت بازار بھی لگایا جاتا تھا تاہم ٹیم نے باؤنڈری وال اور مکان مسمار کردیا اب اس زمین پر کے ڈی اے اپنے گارڈز کو بٹھا دیا ہے۔

ایس ایچ او عدیل افضال نے بتایاکہ واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا جاسکا ہے کے ڈی اے کے افسران پولیس سے رابطہ کرنے مقدمہ درج کرائیں گے۔ جبکہ گلستان جوہر بلاک 11میں منگل کے روز مذکورہ ٹیم کو تجاوزات کے خلاف آپریشن میں ناکامی ہوئی تھی اس حوالے سےلینڈ مافیا کے کارندے سڑک بند کر رہے تھے۔ نجی نیوز چینل کا کرائم رپورٹر کاشف مشتاق کیمرہ مین کے ساتھ کوریج کرنے پہنچے تو مشتعل افراد نے انھیں تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس دوران کاشف مشتاق سے انکی گھڑی اور کیمرہ مین سے موبائل چھین لیا۔ کاشف مشتاق نے بتایا کہ پولیس موقع پر موجود تھی لیکن وہ خاموش تماشائی بنی رہی۔

انھوں نے ہماری کوئی مدد نہیں کی اس لئے افسران کی جانب سے احکامات موصول نہیں ہوئے تھے۔ ایس ایچ او عدیل افضال نے بتایا کہ بدھ کو آپریشن بلاک چھ میں تھا گیارہ میں نہیں تھا کاشف مشتاق اپنے کیمرا مین کے ساتھ بلاک گیارہ میں پہنچ گئے اس وقت تو بلاک چھ میں آپریشن شروع بھی نہیں ہوا تھا تاہم پولیس مذکورہ واقعے کا مقدمہ سرکاری مدعیت میں درج کرلیا ہے۔ علاوہ ازیں کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن نے گلستان جوہر میں کوریج کے دوران کاشف مشتاق اور اس کے کیمرہ مین کے ساتھ تشدد اور لوٹ مار کے واقعے کی شدید مذمت کی۔ کوریج کے دوران صحافیوں پر تشدد کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

سی آر اے کے ترجمان عاطف رضا نے واقعے کے بعد جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ ہمارے ساتھیوں کو بھی کل تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور کوریج کے دوران صحافیوں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ سیکورٹی کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔