کورونا کی نئی لہر
گزشتہ24 گھنٹوں میں16ہزار973 ٹیسٹ کئے گئے،مثبت کیسز کی شرح 0.70 فیصدر رہی ۔ فائل فوٹو

کراچی میں کورونا پھرسراٹھانےلگا۔24گھنٹوں میں 53 نئے مریض

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں کورونا ایک بار پھر سر اٹھانے لگا ۔24 گھنٹوں کے دوران 53 افراد میں کرونا مثبت آیا جبکہ 12 مریض اسپتالوں میں داخل ہیں ۔آغاخان اسپتال کے عملے اور طلبامیں بھی 10افراد کا کرونا مثبت آیا ہے ۔اسپتال انتظامیہ نے ماسک لازمی قرار دیتے ہوئے کوروناکے حوالے سے اقدامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں

کراچی سمیت سندھ بھر میں ایک بار پھر کرونا سر اٹھانے لگا ہے ،صوبے میں کورونا وائرس کیسز مثبت کیسز کی شرح 11.8 فیصد ہوگئی ہے ،سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 53 نئے کیسز سامنے آ گئے جس میں سے تمام کا تعلق کراچی سے تھا ۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے میں کراچی سے کورونا وائرس کے 146 کیسز رپورٹ ہوئے، ایک ہفتے میں کراچی سے مشتبہ 1131 مریضوں کے کورونا وائرس ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد کراچی سے کورونا وائرس کے 12.91 فیصد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے،

سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 449 مشتبہ مریضوں کے کورونا ٹیسٹ کیے گئےہیں ،سندھ میں 389 مریضوں ہوم آئسولیشن اور 12 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

دوسری جانب کراچی کے آغا خان اسپتال اور یونیورسٹی کے عملے و طلباء میں سے 10 افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔ انتظامیہ نے اسپتال اوریونیورسٹی میں تمام عملے اور طالب علموں کوبذریعہ خط الرٹ جاری کردیا۔ خط کے متن میں کہا گیا کہ گزشتہ کچھ دنوں سے عملے، اساتذہ اور طالبعلموں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو رہی ہے، خوش قسمتی سے تمام افراد میں کورونا کی معمولی علامات سامنے آئی ہیں۔ اسپتال انتظامیہ نے خط میں لکھا کہ کچھ افراد میں موسمی فلو کی علامات بھی سامنے آئی ہیں، اسپتال اور یونیورسٹی میں اس سلسلے میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے، ظاہر ہوتا ہے کہ ہمارے ماحول میں اب بھی کورونا وائرس موجود ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق نوجوان اور مضبوط قوت مدافعت والوں کو زیادہ خطرہ نہیں، بزرگ افراد اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں۔ اس کے علاوہ آغا خان اسپتال انتظامیہ نے اسپتال میں ماسک پہننے کو لازمی قرار دے دیا ہے۔

انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ اسپتال کے عملے، اساتذہ اور طالب علموں کے کورونا کے ٹیسٹ کیے جائیں، کورونا ویکسین لگے ہوئے اگر 6 ماہ سے زائدکا عرصہ ہوگیا ہے تو بوسٹر ڈوز لگوانا ہوگی۔ اسپتال انتظامیہ نے اس حوالے سے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال میں انفیکشن کنٹرول کرنے کی پریکٹس کے جاتی ہے جس کے بعد پچھلے چند دنوں میں 10 لوگوں کا کرونا مثبت آیا ہے جس کے بعد اسپتال انتظامیہ نے عملے اور طلباء کو الرٹ جاری کیا ہے کہ کرونا سے بچاؤ کے لئے تمام اقدامات مکمل کریں ۔عالمی گائیڈ لائن کے مطابق عمل کرتے ہوئے اسپتال میں اس طرح کا عمل معمول ہے ،جب سے کرونا شروع ہوا ہے جو ابھی تک مکمل طور پر ختم نہیں ہوسکا ہے جس کی وجہ سے احتیاطی تدابیر جاری رکھی جاتی ہیں ۔