حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار کی توسیع کا معاہدہ ہوگیا

لاہور ( اُمت نیوز) مدینہ فاؤنڈیشن کے تعاون سےحضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار کی توسیع کا معاہدہ ہوگیا
وزیراعلیٰ آفس میں معاہدے پر دستخط کی تقریب ہوئی، نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور چیئرمین داتا دربار مذہبی امور کمیٹی وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈارمعاہدے پر دستخط کی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
معاہدے پر دستخط کے بعد مولانا عبدالخبیر آزاد نے خصوصی دعا کرائی، معاہدے کے مطابق مدینہ فاؤنڈیشن حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار کے گرد برآمدوں (غلام گردش) کی توسیع کرے گی، منصوبے پر تقریباً 16کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔
منصوبے کی تکمیل سے غلام گردش اور ان برآمدوں میں زائرین کی گنجائش 3 ہزار سے بڑھ کر 5 ہزار ہو جائے گی، نیسپاک بطور مشاورتی فرم خدمات سرانجام دے گی، داتا دربار برآمدوں کی توسیع سے زائرین کیلئے آسانیاں پیدا ہوں گی۔