نارتھ کراچی میں گارڈ نے ڈاکو مار ڈالا-ساتھی فرار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نارتھ کراچی میں سیکورٹی گارڈ نے ہوٹل میں لوٹ مار کرنے والے ایک ڈاکو مار ڈالا ، دوسرا فرار ہوگیا ،شہر قائد میں پولیس نے مبینہ مقابلے کے دوران 5زخمی ملزمان کو گرفتارکرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا ۔تفصیلات کےمطابق سرسیدٹاؤن کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر سیون ڈی ٹو میں قائم اجوہ ہوٹل پر دو موٹرسائیکل سوار ملزمان نے گھس کر اسلحےکے زور پر لوٹ مار شروع کردی اس دوران سیکورٹی گارڈ سے لوٹ مار کی تو گارڈ نے مزاحمت کرتے ہوئے ملزمان پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجےمیں ایک ملزم شدید زخمی ہوگیا جس کو اس کا ساتھی لیکر فرار ہورہا تھا کہ راستے میں موٹرسائیکل سے گر گیا اور ساتھی فرارہوگیا۔ پولیس اس اطلاع پر موقع پر پہنچ گئی اور علاقہ مکینوں کی مدد سے زخمی ملزم کو تحویل میں لیکر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں دم توڑ گیا۔ ایس ایچ اوشاہد تاج نے بتایاکہ ہلاک ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔

ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ہوٹل میں لوگ ناشتہ کررہے تھے کہ اس دوران ڈاکو نے ہوٹل میں بیٹھے ہوئے افراد سے لوٹ مار کی جب وہ سیکورٹی گارڈ وقار سے لوٹ مار کرکے فرار ہونے لگے تو گارڈ نے ان پر فائرنگ کردی۔ ہلاک ڈاکو کی شناخت سبحان ولد جہانزیب کے نام سے ہوئی جو کہ پیر آباد کے علاقے کا رہائشی تھا پولیس ہلاک ملزم کا مزید کرائم ریکارڈ چیک کررہی ہے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کے قبضے سے گارڈ اور چند لوگوں کے موبائل فونز اور نقدی بھی برآمد ہوئی ہے۔

پولیس نے وقار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ساتھی تلاش شروع کردی۔پولیس کے مطابق شبہ ہے کہ فرار ساتھی بھی زخمی ہے جس کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا اسپتالوں اور دیگر مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔عوامی کالونی پولیس نے کورنگی نمبر 4 پر مبینہ مقابلے کے دوران دو ملزمان عبیداللہ اور اسامہ کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے انکے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول چھینے ہوئے موبائل فونز اور چوری شدہ موٹرسائیکل تحویل میں لے لیا گیا جبکہ ملزمان کو طبی امداد کیلئے جناح اسپتال منتقل کردیاگیا ہے ۔

بلال کالونی پولیس نے 4کے چورنگی پر مبینہ مقابلے کے بعد زخمی حالت میں ملزم یوسف امین کو گرفتارکرکے اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ ساتھی کی تلاش شروع کردی۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔سچل پولیس نے چانڈیو گوٹھ میں مبینہ مقابلے کے بعد زخمی حالت میں دو ملزمان کو گرفتارکرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔پولیس کے مطابق ملزمان کی شناخت ذیشان سلیم اور ذیشان یوسف کے نام سے ہوئی جنہیں طبی امداد کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔