ڈھاکہ دھماکے میں اموات 15 ہوگئیں- 100 سے زائد زخمی

ڈھاکہ (امت نیوز) بنگلہ دیش کےدارالحکومت ڈھاکہ دھماکے سے اموات 15 تک جا پہنچیں، جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہیں، 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود پولیس دھماکے کا تعین کرنے میں ناکام رہی۔ بنگلہ دیش کے مؤقر پورٹل بی ڈی نیوز 24 اور این ڈی ٹی وی کے مطابق دھماکہ صدیق بازار میں واقع ایک رہائشی عمارت میں ہوا جو پرانے ڈھاکہ میں واقع ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکا گنجان آباد علاقےکی مارکیٹ میں ہوا، عمارت میں سینیٹری مصنوعات کی دکانیں اور گودام بنے ہوئے ہیں۔ تاہم دھماکے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں تفتیشی ٹیمیں اور بم ڈسپوذل کا عملہ جائے دھماکا پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر رہے ہیں۔ دھماکے سے دکانیں تباہ ہو گئیں جس کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے جنہیں ریسکیو کرنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ کئی دکانیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں اور دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔

ریسکیو ٹیموں اور متعلقہ اداروں نے واقعے میں ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ اب تک 15 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی جاچکی ہے۔