زمان پارک پر حملہ مریم نواز کی سازش تھی، پرویزالہیٰ

اسلام آباد(امت نیوز)سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ عمران خان کے گھر پر پولیس کا حملہ مریم نواز کی سازش ہے، مریم نواز کی اس بڑی غلطی نے  ن لیگ کو مزید غرق کردیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے چوہدری پریزالہیٰ نے ملاقات کی، جس میں پی ٹی آئی کے 22 مارچ کے جلسے اور سیاسی معاملات پر گفتگو کی گئی۔

عمران خان نے کہا کہ حالات جیسے بھی ہوں ظلم کے آگے کبھی نہیں جھکوں گا، مینار پاکستان کا جلسہ ظالم حکمرانوں سے نجات دلانے کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔

پرویز الہٰی نے کہا کہ حسان نیازی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں، یہ اقدامات نہ ماضی میں کامیاب ہوئے ہیں اور نہ اب ہوں گے۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ الیکشن ہوں گے عمران خان دوبارہ وزیراعظم بھی بنیں گے، نگراں حکومت جو ظلم کر رہی ہے اس کا حساب دینا ہوگا