متاثرہ تاجر کو بعد میں پتا چلا کہ ایک ملین امریکی ڈالر کا کرنسی نوٹ جعلی ہے۔ فائل فوٹو
متاثرہ تاجر کو بعد میں پتا چلا کہ ایک ملین امریکی ڈالر کا کرنسی نوٹ جعلی ہے۔ فائل فوٹو

ایک ملین ڈالر کا جعلی نوٹ، نو سربازوں نے تاجر کو چونا لگا دیا

مظفرگڑھ: کوٹ ادو کے علاقے محمود کوٹ میں ارشد تقی نامی پیٹرول پمپ مالک کو نوسربازوں نے ایک ملین امریکی ڈالر کا جعلی نوٹ 10 کروڑ روپے میں فروخت کردیا، ملزمان تاجر سے 8 لاکھ روپے کی رقم ایڈوانس لے کر رفو چکر ہوگئے۔

پولیس کے مطابق متاثرہ تاجر کا کہنا ہے کہ عامر احمد ،عبدالرزاق اور جمعہ خان نامی افراد اس کے پیٹرول پمپ پرآئے اور اسے ایک ملین ڈالر کا کرنسی نوٹ اور اس کے متعلقہ دستاویزات دکھائیں۔

ملزمان کا کہنا تھا کہ ایک ملین ڈالر کے کرنسی نوٹ کی مالیت 28 کروڑ روپے بنتی ہے لیکن وہ اسے 10 کروڑ روپے میں فروخت کردیں گے جس کے پیش نظر متاثرہ تاجر لالچ میں آگیا اور ملزمان کو 8 لاکھ روپے ایڈوانس رقم بھی ادا کردی۔

پولیس کے مطابق  ایڈوانس رقم لے کر ملزمان تاجر کو ایک ملین کا جعلی نوٹ تھما کرچلے گئے تاہم متاثرہ تاجر کو بعد میں پتا چلا کہ ایک ملین امریکی ڈالر کا کرنسی نوٹ جعلی ہے۔پولیس کا کہنا ہےکہ متاثرہ تاجر ارشد تقی کی مدعیت میں 3 جعلسازوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ۔