اسے یہ جیکٹ شربت گل نامی شخص نے دی تھی۔ فائل فوٹو
اسے یہ جیکٹ شربت گل نامی شخص نے دی تھی۔ فائل فوٹو

کوئٹہ سے گرفتار خود کش بمبار خاتون سے متعلق مزید انکشافات

کوئٹہ :  ترجمان وزیراعلیٰ بلوچستان یوسفزئی کا کہنا ہے کہ ماہل بلوچ نامی خاتون سے دو خود کش جیکٹس برآمد کرلی گئی ہیں۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلی بلوچستان کے ترجمان بابر یوسف زئی کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیمیں خواتین اوربچوں کواستعمال کررہی ہیں، ہم نے خاتون خودکش بمبار ماہل بلوچ کو گرفتار کیا تو اس نے بھی اعتراف کیا کہ کالعدم تنظیمیں خواتین اور بچوں کو دہشت گردی میں استعمال کررہی ہیں۔

بابریوسفزئی نے بتایا کہ گرفتار ماہل بلوچ کے قبضے سے خودکش جیکٹ بھی ملی تھی، جو وہ کسی کو دینے جارہی تھی، اور اسے یہ جیکٹ شربت گل نامی شخص نے دی تھی۔

ترجمان وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ماہل بلوچ کو یوسف بلوچ نے ورغلایا اور ڈرادھمکا کر کام کیلیے راضی کیا گیا تھا، وہ خود کو آزادی کا دعویدار کہتا ہے، جب کہ اس کی اہلیہ کے ایل ایس کیلیے کام کرتی ہے، اور اسے بیرون ملک سےفنڈنگ کی جاتی ہے، اس کے ثبوت بھی موجود ہیں۔

بابریوسفزئی نے مزید کہا کہ ماہل بلوچ نے بتایا وہ ساس،سسر کے ساتھ کراچی چلی گئی تھیں، اور کراچی جانے کے بعد ان کی ذہن سازی کی گئی، اور جب ماہل کو گرفتار کیا گیا تو 2 خودکش جیکٹس ملیں، جو ممکنہ طور پر بلوچستان میں کسی تخریب کاری میں استعمال کی جانی تھی۔