لاہور: سابق دبنگ سی سی پی او لاہور عمر شیخ انتقال کرگئے، انہیں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔
رحیم یار خان کی تحصیل خان پور سے تعلق رکھنے والے پولیس افسر عمر شیخ جب سی سی پی او لاہور بنے تو وہ اپنے بیانات کے باعث تنقید، تنازعات کا شکار اورخبروں کی زینت بنے رہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کے دور میں لاہور سیالکوٹ موٹروے پر خاتون کے ساتھ ریپ کے دلخراش واقعہ کے بعد انہوں نے کہا تھا کہ تین بچوں کی ماں اکیلی رات گئے اپنے گھر سے اپنی گاڑی میں نکلے تو اسے سیدھا راستہ لینا چاہیے تھا اور یہ بھی چیک کرنا چاہیے کہ گاڑی میں پیٹرول پورا ہے بھی یا نہیں جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹ کے مطابق نواز شریف نے اپنے دور حکومت میں آرمی چیف پرویز مشرف کو سری لنکا سے وطن واپسی پران کا طیارہ لینڈ کرنے میں رکاوٹ ڈالی اورپرویز مشرف کا طیارہ نواب شاہ ایئرپورٹ پر اتراتو اس وقت پولیس افسر عمر شیخ ان کا استقبال کرنے وہاں پہنچے، عمر شیخ اس وقت نواب شاہ پولیس چیف تھے۔
عمر شیخ نے محکمہ پولیس سے ریٹائرمنٹ کے بعد "ینگ پیٹریاٹس پارٹی”کے نام سےاپنی سیاسی پارٹی بھی بنائی تھی ۔
ان کا کہنا تھاکہ میں لاہور کی سطح پر دہلی کے وزیراعلیٰ کیجریوال جیسی سیاسی جماعت بنانا چاہتا ہوں۔ میری پارٹی افسر شاہی اور پولیس اصلاحات پر توجہ دے گی اور منحرف نوجوانوں کے لئے امید کی کرن ثابت ہوگی،مگر ان کی یہ پارٹی سوشل میڈیا کی حد سے آگے نہیں بڑھ سکی۔