اسلام آباد (اُمت نیوز) عمران خان کی جانب سے اسلام آباد کی عدالت پیش ہونے کے فیصلے کے بعد سی ٹی ڈی اسلام آباد بھی حرکت میں آ گئی، سابق وزیر اعظم سمیت 17 پی ٹی آئی رہنماؤں کو طلب کر لیا۔
سی ٹی ڈی اسلام آباد کی جانب سے تحریک انصاف کی قیادت کو مقدمہ میں شامل تفتیش ہونے کیلئے حکم نامہ بھجوایا گیا ہے، جن رہنماؤں کو طلب کیا گیا ہے ان میں عمران خان، مراد سعید، عامر کیانی، امجد نیازی، راجہ خرم نواز، علی امین گنڈاپور، شبلی فراز، اسد عمر، ڈاکٹر شہزاد وسیم، فرخ حبیب، عمر ایوب، حماد اظہر، اسد قیصر، حسان خان نیازی اور کرنل (ر) عاصم شامل ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے تمام رہنماؤں کو تھانہ سی ٹی ڈی میں درج مقدمہ میں بلایا گیا ہے جبکہ عمران خان، اسد عمر، علی نواز اعوان، عامر مغل، جمشید خان سمیت 10 افراد کو تھانہ گولڑہ میں درج ہونے والے مقدمے میں طلب کیا گیا ہے، تمام افراد شامل تفتیش ہو کر اپنا موقف پیش کریں بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔