اسلام آباد(امت نیوز)سپریم کورٹ میں 3 روز سے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت جاری تھی، تاہم آج الیکشن سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ کا بینچ ٹوٹ گیا ہے۔سپریم کورٹ کے 5 رکنی لارجر بینچ کے رکن جسٹس امین الدین بینچ سے الگ ہو گٸے ہیں۔
سپریم کورٹ کا پانچ رکنی لارجر بینچ جب سماعت کے لیے آیا تو چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ جسٹس امین الدین خان کچھ کہنا چاہتے ہیں ، اس موقع پر جسٹس امین الدین نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے کے تناظر میں کیس سننے سے معذرت کرتا ہوں۔جسٹس امین الدین کے بات کرنے کے بعد بینچ کورٹ روم سے چلا گیا۔
جسٹس امین کی جانب سے معذرت کرنے کے بعد عدالت کا لارجر بینچ تحلیل ہوگیا اور اب کیس میں نیا بینچ تشکیل دیا جائے گا۔
گزشتہ سماعت میں پی ٹی آئی کے وکیل علی ظفر ،الیکشن کمیشن کے وکیل سجیل سواتی کے دلائل مکمل ہوچکے ہیں ۔
گزشتہ روز وکیل الیکشن کمیشن نے دلائل میں کہا کہ آرٹیکل 224 کےتحت الیکشن 90 روز میں ہونا ہیں ، انتخابات کیلئے آئین میں سازگار ماحول بھی ہونا ضروری ہے، انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر کے سپریم کورٹ کے یکم مارچ کے فیصلے پر عملدرآمد کیا، سیکورٹی اور فنڈز کی صورتحال کے باعث الیکشن کی نئی تاریخ آٹھ اکتوبر دی ہے۔