اسلام آباد: ریگولر حج اسکیم کے تحت درخواست جمع کرانے کی تاریخ میں 2 اپریل تک توسیع کر دی گئی۔
رجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق ریگولر حج سکیم میں درخواستوں کی وصولی میں 2 اپریل تک توسیع کر دی گئی ہے، نامزد بینک ہفتہ اور اتوار کو حج درخواستوں کی وصولی کیلئے کھلے رہیں گے۔
وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ اسپانسر شپ حج اسکیم میں درخواستیں وصول کرنے کے لیے آخری تاریخ میں توسیع کر دی گئی ہے جس کے بعد درخواستیں 9 اپریل کو جمع کرائی جا سکیں گی، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو رقوم بھجوانے میں مشکلات کے بعد توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق حج درخواست گزار مزید معلومات اور پروسس کے لئے نامزد بینکوں سے رجوع کریں، سپانسر شپ حج سکیم کے درخواست گزاروں کو بغیر قرعہ اندازی کامیاب قرار دیا جائے گا۔
اسپانسر شپ اسکیم کے تحت بھیجی گئی درخواستوں کے لیے رقوم وزارت مذہبی امور کے ڈالر اکاؤنٹ میں بذریعہ ٹی ٹی یا وائر ٹرانسفر بھیجنا ہوں گی، بھجوائی گئی رقوم کی تصدیق اور پراسیس کیلیے درخواست گزار یا قریبی عزیز بینک سے رابطہ رکھیں ۔