راولپنڈی( اسٹاف رپورٹر ) راولپنڈی کے تھانہ نصیر آباد کے علاقہ رینج روڈ پر راہ چلتی خاتون کی تیز دھار آلے سے شہ رگ کاٹ دی گئی۔ خاتون اسپتال پہنچاتے ہوئے دم توڑ گئی ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ نصیر آباد کے علاقہ رینج روڈ پر خاتون کو زخمی کیا گیا۔موقع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق مقتولہ کی شناخت مدیحہ کے نام سے ہوئی، پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ ملزمان کے ساتھ موجود تھی جنہوں نے تلخ کلامی پر مقتولہ پر حملہ کر دیا جس سے وہ زخمی ہو کر دم توڑ گئیں۔خاتون کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے نوٹس لے کر ایس پی پوٹھوہار سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی،واقعہ میں ملوث ملزم/ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیدیا ہے، واقعہ کی اطلاع پر پولیس فوری موقع پر پہنچ گئی، پولیس کے مطابق ایک خاتون زخمی حالت میں فارمیسی پر آئیں جنہیں اسپتال پہنچایا جا رہا تھا کہ دم توڑ گئیں، ترجمان پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کئے جا رہے ہیں، تمام زاویوں پر تحقیقات کی جا رہی ہیں، ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔