امریکا سے مکالمے کے دروازے بند ہوگئے ،طیب اردوان

انقرہ(انٹرنیشنل ڈیسک)ترک صدر رجب طیب اردوان امریکی سفیر کی جانب سے ترک اپوزیشن لیڈر سے ملاقات پر امریکا پر برس پڑے۔ کہاکہ ان کی حکومت اگلے ماہ ہونے والے انتخابات میں امریکا کو سبق سکھائے گی
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ترک صدر نے کہا کہ انتخابات سے قبل حزب اختلاف سے ملاقات کرنے پر امریکی سفیر کو شرم آنی چاہیے، آپ ایک سفیر ہیں۔
طیب اردوان کی جانب سے مذکورہ بالا بیان ترکی میں امریکی سفیر جیف فلیک کی اپوزیشن ریپبلکن پیپلز پارٹی   کے سربراہ کمال کلیداروگلو سے ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے اس ملاقات پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ امریکا کو سبق سکھائیں گے۔ اُسے عقل استعمال کرنی چاہیے اور شرم آنی چاہیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اردوان نے ترکی میں امریکی سفیر جیف فلیک اور حزب اختلاف کے سربراہ کی ملاقات کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
اردوان نے امریکی سفیر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دروازے اب مکالمے کے لیے بند ہو گئے ہیں۔ آپ مجھ سے اب نہیں مل سکتے اور کیوں؟ یہ آپ کو معلوم ہو جائے گا۔ ہمیں امریکا کو سبق سکھانا ہے۔ ایک سفیر کے فرائض کیا ہوتے ہیں اور وہ کیسے کام کرتا ہے، یہ آپ جان جائیں گے۔