نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک)امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فردجرم عائد ہونے کے معاملے پر اپنے آپ کو نیویارک حکام کے حوالے کر دیا۔
خبرایجنسی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ پیشی کے لیے نیویارک کے علاقے مین ہیٹن کی عدالت پہنچے جہاں انہوں نے اپنے آپ کو مین ہیٹن کے اٹارنی آفس حکام کے حوالے کیا جس کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ مجرمانہ کارروائی کا سامنا کرنے والے پہلے امریکی صدر بن گئے ہیں۔
ٹرمپ کو کچھ دیر میں نیویارک کی عدالت میں پیش کیا جائے گا، اس موقع پر عدالت کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ٹرمپ کے حامی اور مخالف بھی عدالت کے باہر موجود ہیں۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالتی کارروائی میں ٹرمپ پر عائد الزامات بتائے جائیں گے، عدالت میں پیشی کے موقع پر سیکرٹ سروس کے اہلکار بھی ان کے ہمراہ ہوں گے اور عدالت میں پیشی کے موقع پر ٹرمپ کو ہتھکڑیاں نہیں پہنائی جائیں گی۔
واضح رہے کہ مین ہٹن ڈسٹرکٹ اٹارنی کا دفتر سابق صدر کے خلاف الزامات کی تحقیقات کر رہا تھا، یہ الزامات فحش فلموں کی اداکارہ اسٹارمی ڈینیئلز کو معاملات چھپانے کے لیے رقوم کی ادائیگی سے متعلق دعوؤں کے بارے میں ہیں اور ان کا تعلق سن 2016 کے صدارتی الیکشن کے وقت سے ہے۔