لاہور (اُمت نیوز ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان کا نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لئے ٹیم میں شامل نہ کئے جانے پر ردعمل سامنے آگیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں وکٹ کیپر بیٹر نے سیریز کے لیے قومی ٹیم میں جگہ بنانے والے کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اعظم خان کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ انشااللہ ٹیم میں دوبارہ جگہ حاصل کرنے کے لیے اپنے کھیل اور فٹنس پر محنت جاری رکھوں گا۔
علاوہ ازیں ایک نجی انٹرویو کے دوران وکٹ کیپر بیٹر نے افغانستان کے خلاف سیریز میں اپنی ناقص کارکردگی پر ہونے والی تنقید کے بارے میں بات کی اور ان ناقدین کو مخاطب کیا جو ان کی فٹنس کا ان کی کارکردگی سے موازنہ کرتے ہیں۔
اعظم خان کا کہنا تھا کہ میں سب کا منہ بند نہیں کر سکتا، اگر تباہ کن تنقید ہو تو اسے ایک طرف رکھیں کیونکہ ایسی باتیں لکھنے والے اکثر بہت کمتر ہوتے ہیں اور انہوں نے زندگی میں زیادہ ترقی نہیں کی ہوتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنے اطمینان کے لیے کرکٹ کھیلتا ہوں اور جب تک کہ میرے اندر اطمینان باقی ہے میں کھیلتا رہوں گا۔