میرے بندے بھرتی کریں ،سابق پی ٹی آئی رکن اسمبلی کی آڈیو لیک

پشاور(امت نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن خیبرپختونخوا اسمبلی عبد السلام آفریدی کی سپرنٹنڈنٹ جیل مردان کو اپنے بندے بھرتی کرنے سے متعلق آڈیو لیک ہوگئی۔

عبدالسلام آفریدی نے آڈیو میسج میں کہا کہ جیل میں ہونے والی بھرتیوں میں میرے کتنے بندے بھرتی کرسکتے ہیں؟ میرے ہمسائے تندور والے کو جیل میں میں کہیں لگائیں۔

عبدالسلام آفریدی نے کہا ہے کہ اپنے بندے بھیج رہا ہوں، اس بار انڑویومنسوخ نہیں کرنا، میرے تین بندوں کے انٹرویوز ہوئے ہیں ان کے آرڈرز مجھے چاہیئیں۔

اس معاملے پر نجی ٹی وی سے گفتگو میں سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل مردان ریاض خان کا کہناتھا کہ سابق ایم پی اے معمول کے مطابق اپنے بندوں کی بھرتی کی سفارش کرتے رہتے تھے، عبدالسلام آفریدی میرٹ سے برعکس بھرتیوں کا کہہ رہے تھے، ان کے بندے میرٹ پرنہیں تھے اس لیے بھرتی نہیں کیا۔

سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل مردان کا کہناتھا کہ بندے بھرتی نہ کرنے کی صورت میں مجھے دھمکیاں دی گئیں۔

سابق ایم پی اے عبدالسلام آفریدی نے آڈیوز مسیجز سے متعلق بتایا کہ جو حکومت بھی آتی ہے وہ اپنے ورکرز کی بھرتیوں کا کہتی ہے، کلاس فورکی بھرتی میں تعلیمی قابلیت یا کسی میرٹ کی ضرورت نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ سپرنٹنڈنٹ جیل مردان نے میرے بندے بھرتی ہی نہیں کیے، وہ اپنی کرپشن چھپانے کے لیے یہ سب کچھ کر رہے ہیں۔