اسلام آباد(امت نیوز)پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ تعطل کا شکار معاہدے کے لیے امریکا سے مدد کی درخواست کی ہے ۔آئی ایم ایف کی تمام شرطیں ماننے کے باوجود معاہدہ ابھی تک تعطل کا شکار ہے
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ملاقات کی جس میں پاک امریکا تعلقات اور تجارتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ بلوم نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ان کے چیمبر میں جا کر ملاقات کی۔ملاقات میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف معاہدے کے لیے امریکی سفیر سے بات کی اور معاہدے میں اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔
ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کو سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر فنانسنگ پر آگاہ کیا اور انہیں بتایا کہ متحدہ عرب امارات سے بھی 1 ارب کی فنانسنگ سے متعلق بات جاری ہے، اضافی وسائل اور زرمبادلہ کی ضرورت ہوگی۔
ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے اسحاق ڈار کو آئی ایم ایف معاہدے اور پاکستان سے تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کرائی ہے