وزیراعظم سے چیف آف آرمی اسٹاف کی ون آن ون ملاقات

اسلام آباد(اُمت نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی اہم ملاقات ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں شخصیات کے درمیان ون آن ون ملاقات قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے قبل ملاقات ہوئی، جس میں اہم امور پر گفتگو کی گئی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کا اجلاس ہوا، جس میں سندھ اور کے پی کے وزرائے اعلیٰ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے سربراہان نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیر داخلہ، وزیر خارجہ، وزیر خزانہ، وزیر دفاع اور وزیر اطلاعات و نشریات نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں امن و امان کی صورتحال داخلی اور خارجی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں حساس اداروں کے سربراہان نے قومی سلامتی پر بریفنگ بھی دی۔
اجلاس کے دوران شرکا نے ملک کے مختلف حصوں میں شرپسندی کے خلاف جاری کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کیا، دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا، بلوچستان میں کالعدم تنظیم کے سربراہ کی گرفتاری پر اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔
ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی نے انسداد دہشت گردی آپریشنز جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور کہا کہ سیکیورٹی اداروں کے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملک کی معاشی صورتحال پر شرکا کو بریفنگ دی جس میں آئی ایم ایف سے مذاکرات اور دوست ممالک کے وعدوں سے بھی آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی نے قومی معاملات پر کسی بھی دباؤ میں نہ آنے کا عزم ظاہر کیا۔ کمیٹی نے کہا کہ ملکی اندرونی اور بیرونی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ سلامتی کمیٹی نے ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیا۔