ٹوئٹر کا بلیو برڈ لوگو واپس بحال کر دیا گیا

پیرس(نیٹ نیوز)سوشل میڈیا نیٹ ورک ٹوئٹر کا بلیو برڈ لوگو کئی دن بعد بحال کر دیا گیا ہے۔3اپریل کی شب سے ٹوئٹر پر آئیکونک بلیو برڈ کی بجائے ایک کرپٹو کرنسی سے منسلک کتے کا لوگو نظر آرہا تھا۔

ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک طویل عرصے سے اس کرپٹو کرنسی ڈوگی کوائن کے حامی ہیں جو 2013 میں ایک مذاق کے طور پر تیار کی گئی تھی۔

اب ٹوئٹر کی جانب سے بلیو برڈ لوگو کو واپس لانے سے ڈوگی کوائن کی قدر میں 9 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔

ٹوئٹر یا ایلون مسک نے یہ وضاحت نہیں کی کہ آخر لوگو کچھ دن کے لیے تبدیل کیوں کیا گیا۔

واضح رہے کہ ایلون مسک کے خلاف ڈوگی کوائن کی حمایت پر جون 2022 میں 258 ارب ڈالرز ہرجانے کا دعویٰ بھی دائر کیا گیا تھا۔

ان افراد کا مؤقف تھا کہ ایلون مسک 2019 سے جانتے تھے کہ اس کرپٹو کرنسی کی کوئی اہمیت نہیں مگر وہ اپنی تجارت کے لیے اسے پروموٹ کرتے رہے۔

ایلون مسک کے وکلا نے حال ہی میں اس مقدمے کو خارج کرنے کی درخواست بھی دائر کرتے ہوئے اسے ایک جائز کرپٹو کرنسی قرار دیا۔