ایران:بغیرحجاب خواتین پر نظر رکھنے کیلئے کیمرے نصب کرنےکا اعلان

تہران(امت نیوز)ایران میں پولیس نے بغیر حجاب خواتین کی شناخت کے لیے عوامی مقامات پر کیمرے نصب کرنے کا اعلان کیا ہے
پولیس کی جانب سے سنیچر کو جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والی خواتین کی شناخت کے بعد ان کے موبائل نمبر پر انتباہی پیغام بھیجا جائے گا۔
بیان کے مطابق اس اقدام کا مقصد حجاب کے قانون کے خلاف جاری مزاحمت کو روکنا ہے، اس قسم کی مزاحمت سے ملک کا روحانی تاثر داغدار ہونے کے علاوہ عدم تحفظ پھیلتا ہے۔
پولیس نے بیان میں کاروبار چلانے والوں سے بھی ارد گرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھنے کا کہا ہے تاکہ سماجی قوانین کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے۔
اس سے ایک ہفتہ قبل وزارت داخلہ نے جاری بیان میں کہا تھا کہ حجاب ایرانی تہذیب کی بنیادوں میں سے ایک ہے اور جمہوریہ اسلامی کا ایک عملی اصول ہے۔
وزارت داخلہ نے عوام پر زور دیا کہ وہ بغیر حجاب والی خواتین کی مخالفت کرتے ہوئے ان کا سامنا کریں۔
وزارت داخلہ کے بیان کے اگلے روز ایرانی چیف جسٹس نے عوامی مقامات پر حجاب نہ کرنے والی خواتین کے خلاف ’بے رحمانہ‘  قانونی کارروائی کرنے کی دھمکی دی تھی۔