کراچی(اسٹاف رپورٹر)ملیر میمن گوٹھ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے محنت کش جاں بحق ہوگیا، جبکہ شہر قائد میں ڈاکووں کی فائرنگ سے چار افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق میمن گوٹھ کے علاقے ملیر سومار کنڈھانی گوٹھ میں موٹرسائیکل سوار ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے شہری کو قتل کردیا جس کی لاش ایمبولنس میں جناح اسپتال لائی گئی جہاں مقتول کی شناخت 23سالہ شاہنواز ولد حضور بخش کے نام سے ہوئی۔ نوجوان بیکری آئٹم کی سوزوکی پک پر سپلائی کرتاتھا۔
شاہنواز ڈرائیور کے ہمراہ سوزوکی میں سوار ہو کر میمن گوٹھ سپلائی کے لیے آیا ہوا تھا جہاں مسلح ڈاکووں نے لوٹ مار کی کوشش کی اور مزاحمت پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق مقتول شاہ نواز بیکری کا ملازم تھا۔ واقعے کے وقت ڈرائیو کے ہمراہ سوزوکی میں جا رہا تھا کہ اس دوران ڈاکوؤں نےروکنے کی کوشش کی جس پرسوزوکی ڈرائیور نے اپنی گاڑی سے انھیں ٹکر ماردی جوکہ زمین پر گر پڑے اسی دوران ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کی ایک گولی مقتول کے کمر پر لگ گئی جو کہ جان لیواثابت ہوئی ،پولیس کے مطابق مقتول شاہنواز چھ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا اور ایک بیٹی کا باپ تھا۔
گلشن معمار کے علاقے افغان کٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے دو افراد کو زخمی کردیا اور فرار ہوگئے جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں مضروبین کی شناخت 30سالہ لال زادہ اور 35سالہ مرسلین کے نام سے ہوئی۔ اورنگی ٹاؤن قصبہ کے قریب میانوالی کالونی میں موٹرسائیکل سوار افراد نے فائرنگ کرکے دو افراد کو شدید زخمی کردیا جنہیں فوری طور ایمبولینس میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں مضروبین کی شناخت احمد نواز اور زاہد میر خان کے نام سے ہوئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ ڈکیتی مزاحمت کے دوران پیش آیا تاہم پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہیں۔