ٹیکساس(نیٹ نیوز) امریکی ریاست ٹیکساس کی جھیل سے ڈوبتی ہوئی جیپ نکالنے کے دوران پولیس نے ایک خاتون کو لاپتہ ہونے کے دو روز بعد زندہ پایا۔
جھیل او دی پائنز میں ایک مقامی ماہی گیر نے گاڑی کو پانی میں تقریبا مکمل طور پر ڈوبا ہوا دیکھا تھا، جائے وقوعہ سے لی گئی تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ صرف گاڑی کی چھت دکھائی دے رہی تھی۔
پانی میں ڈوبی ہوئی گاڑی ایک کشتی کے ریمپ سے تقریبا 40 فٹ کے فاصلے پرکنارے سے ملی لیکن پولیس کو اس حوالے سے کوئی مشکوک سراہاتھ نہیں لگا کہ جیپ جھیل میں گری کیسے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واضح نہیں ہے کہ خاتون کتنے عرصے سے پانی میں تھی لیکن مقامی طور پر یہ بتایا گیا ہے کہ وہ رات بھر اپنی گاڑی میں پھنسی ہوئی تھی۔خاتون کی شناخت، حالت اور گمشدگی کی وجوہات فی الحال سامنے نہیں لائی گئیں ۔
ماریون کاؤنٹی شیرف آفس کے مطابق پولیس اہلکاروں اور مقامی ریکر سروس نے دیکھا کہ جب وہ گاڑی کو جھیل سے باہر نکالنے کی تیاری کر رہے تھے تو خاتون اندر حرکت کررہی تھی۔
خاتون کو جھیل سے نکال کر اسپتال لے جائے جانے کے دوران علم ہوا کہ اسے لانگ ویو ٹیکساس پولیس ڈپارٹمنٹ میں لاپتہ کے طور پر درج کیا گیا تھا، گمشدگی کی اطلاع جھیل سے تقریبا 24 میل جنوب مغرب میں واقع لونگ ویو قصبے میں رات 12 بج کر 35 منٹ پر ملی تھی۔
لانگ ویو پولیس کی ریکارڈ ایڈمنسٹریٹر ملیسا ڈوبس نے این پی آر کو بتایا کہ وہ ابھی تک معاملے کی تفصیلات کو دیکھتے ہوئے’ مزید معلومات جاری کرنے سے قاصر ہیں۔
ماریون کاؤنٹی شیرف آفس کے کیپٹن چک راجرز کے مطابق ’تحقیقات کے دوران ایسی کوئی چیز سامنے نہیں آئی جس سے یہ معلوم ہو کہ یہ واقعہ ایک حادثے سے زیادہ کچھ نہیں ۔‘
سوشل میڈیا صارفین نے معاملے پر اچنبھے کا اظہار کرتے ہوئے تبصرے کیے ہیں۔