کراچی : گلشن حدید میں حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم نے قبول کرلی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گلشن حدید میں گجر ڈیری فارم کے مالک کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم نے قبول کرلی۔ایس ایس پی ملیر کی ہدایت پر واقعے کو ڈکیتی مزاحمت قرار دے کر حقائق کو چھپانے کی کوشش کی گئی۔تفصیلات کے مطابق منگل کی رات اسٹیل ٹاون کے علاقے گلشن حدید فیز ٹو میں قائم گجر ڈیری شاپ پر نامعلوم ملزم نے فائرنگ کرکے مالک 25سالہ اعجاز کو زخمی کردیا تھا۔اس حوالے سے سندھو دیش روولیوشنری آرمی (ایس آر اے )نے سوشل میڈیا پر وائرل پوسٹ میں واقعہ کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ گلشن حدید میں گجر ڈیری اورگجررئیل اسٹیٹ ایجنسی کا مالک قم پرست کارکنان کی مخبریاں کر کے ان کو گرفتار اور ان کے گھروں پر حملے میں ملوث رہا ہے۔پوسٹ میں سندھ میں آباد غیر مقامی باشندوں کو صوبہ چھوڑنے کی دھمکی بھی دی گئی،تاہم اس حوالے امت کی جانب سے جب ایس ایچ او ذوالفقارآرائیں سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت نہیں بلکہ دہشت گردی تھا۔اس حوالے سے ایس آر اے نے سوشل میڈیا پر پوسٹ بھی جاری کی ہے۔دوسری جانب پولیس نے تاحال مقدمہ درج نہیں کیا ہے۔زخمی کا بیان قلمبند کرنے کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا، جبکہ جائے وقوع سے ملنے والے خول کو فارنسک ڈویژن بھیجا گیا ہے۔