نیویارک(نیٹ نیوز) معروف امریکی جریدے ٹائم میگزین نے وزیر ماحولیات شیری رحمٰن کو 100 بااثر ترین شخصیات میں شامل کرلیا ہے۔
جریدے کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ عالمی سطح پر کاربن اخراج میں پاکستان کا حصہ انتہائی معمولی ہے مگر ماحولیاتی بحران کے سبب پچھلے برس ایک تہائی پاکستان سیلاب میں ڈوب گیا تھا۔
جریدے کا کہنا ہے کہ نومبر میں جب شیری رحمٰن کوپ27 اجلاس میں مصر آئیں اس وقت بھی سیلابی پانی پورے طور پر نہیں اترا تھا۔
شیری رحمٰن مصر میں منعقد کوپ 27 اجلاس میں ان سیلاب زدگان کی آواز بنیں جو قدرتی آفت کے سبب اپنا سب کچھ کھو بیٹھے تھے۔
جریدے میں کہا گیا ہے کہ انتہائی پُرجوش تقاریر اور انتھک مصروفیات اور مذاکرات کے ذریعے انہوں نے مندوبین کو قائل کیا کہ یہ ناانصافی ختم کی جانی چاہیے۔
کوپ 27 کا اختتام اس تاریخی فیصلے پر ہوا کہ عالمی برادری پہلی بار متفق ہوئی کہ قدرتی آفات کا سامنا کرنے والے ممالک کے لیے نقصان اور تباہی فنڈ قائم کیا جائے۔
یہ ماحولیاتی انصاف کی جانب بڑا قدم ہے مگر اب بھی بہت کام باقی ہے، ہمیں شیری رحمٰن جیسی مزید شخصیات کی ضرورت ہوگی۔