سوڈان میں لڑائی:25 ہلاک،سعودی، امریکی اوراماراتی وزرائے خارجہ کا رابطہ

خرطوم(امت نیوز)  سوڈان کی پیراملٹری ریپڈ سپورٹ فورس (آر ایس ایف) نے صدارتی محل، آرمی چیف کی رہائش گاہ اور دارالحکومت خرطوم کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کا کنٹرول سنبھالنے کا دعویٰ کیا ہے تاہم فوج نے کہا ہے کہ وہ جوابی کارروائی کررہی ہے۔
سوڈان کی ڈاکٹروں کی ایک تنظیم کے مطابق جھڑپوں میں کم از کم 25 افراد ہلاک اور 183 زخمی  ہوئے ہیں تاہم گروپ یہ تعین کرنے سے قاصر رہا کہ تمام عام شہری ہلاک ہوئے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب، امریکا اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ رابطے کے دوران سوڈان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق آر ایس ایف نے فوج کی جانب سے پہلے حملہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ شمالی شہر میرو اور مغربی شہر الابض کے ایئرپورٹ پر بھی قبضہ کر لیا ہے۔
قبل ازیں سوڈانی فوج نے کہا تھا کہ فضائیہ نے آر ایس ایف کے خلاف آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ٹیلی ویژن فوٹیج میں جنگی جہاز کو خرطوم کی فضاؤں میں پرواز کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
فائرنگ کی آوازیں خرطوم کے مختلف علاقوں میں سنی گئی ہیں جبکہ دارالحکومت کے قریبی شہروں میں بھی عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کی آوازیں آتی رہیں۔
رائٹرز سے منسلک ایک صحافی نے شہر کی گلیوں میں بکتربند گاڑیوں اور توپ کو دیکھا جبکہ فوج اور آر ایس ایف کے ہیڈکوارٹرز کے قریب اسلحے کے استعمال کی آوازیں سنیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ رہائشی علاقوں میں بھی جھرپیں ہوئی ہیں جن میں چند شہری زخمی ہوئے۔
آر ایس ایف نے ایک بیان میں کہا کہ وہ دارالحکومت خرطوم کے بین الاقوامی ہوائی اڈے اور ملک کے شمال میں میرو فوجی اڈے کا کنٹرول حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔