کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر میں ڈاکوؤں نے بھائی کے سامنے بھائی کو قتل کردیا،جب کہ مزاحمت پر پولیس اہلکارسمیت 4 افراد کو گولیاں مار کر زخمی کردیا۔جھگڑے میں فائرنگ سے بچی سمیت 2 افراد زخمی ہوئے۔ماہ صیام میں مزاحمت پر قتل افراد کی تعداد 9 ہوگئی، جبکہ رواں سال دوران ڈکیتی مزاحمت پر مجموعی طور پر 40 افراد قتل کیے جاچکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سعید آباد کے علاقے بلدیہ ٹاؤن خورشید پورہ قبرستان کے قریب موٹرسائیکل سوار دو نامعلوم مسلح ملزمان نے مزاحمت کرنے پر بھائی کے سامنے بھائی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔مقتول کی شناخت 25 سالہ خالد اقبال کے نام سے ہوئی۔مقتول کے بھائی مظہر اقبال نے امت کو بتایا کہ ان کا بھائی ٹرانسپورٹ کا کام کرتا تھا اور موٹرسائیکل پر چھوٹے بھائی اسامہ کے ہمراہ بلدیہ یوسف گوٹھ سے گاڑیوں کے لیے آئل خرید کر لارہا تھا کہ راستے میں موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں نے انہیں روک کر موبائل فون اور نقدی چھین لی اور جاتے ہوئے سینے پر گولی مارکر قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔
ایک سوال پر انہوں ںے بتایا کہ یہ باتیں انہیں چھوٹے بھائی نے بتائی ہیں، جو خالد کے ہمراہ تھا۔مقتول کی 8 ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔وہ کشمیرکالونی کارہائشی تھا۔گلشن اقبال کے علاقے الہ دین پارک کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل 50 سالہ ماہیوال زخمی ہوگیا۔زخمی اینٹی اسٹریٹ کرائم فورس جمشید ٹاؤن میں تعینات ہے۔
ڈاکوؤں نے منگھوپیر کے علاقے چلغازی کٹ ناردرن بائی پاس کے قریب مزاحمت پر فائرنگ کرکے 36 سالہ محمد خان زبیر،احسن آباد روٹ ڈبلیو 25 منی بس اسٹاپ کے قریب 55 سالہ غلام رسول اور سہراب گوٹھ الآصف اسکوائر کے قریب 17 سالہ عدنان کو گولیاں مارکر زخمی کردیا۔
علاوہ ازیں ڈاکس کے علاقے مچھر کالونی لال مسجد کے قریب جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 30 سالہ ضیاء الرحمان ولد محمد حسین اور 13 سالہ امینہ دختر نور حسین زخمی ہوگئی۔پولیس حکام کے مطابق ضیاء الرحمان کا کسی سے جھگڑا ہورہا تھا۔اس دوران فائرنگ ہوئی تو ضیاالرحمان زخمی ہوا،جبکہ امینہ بھی زد میں آئی۔