نگراں حکومتوں کا معاملہ سپریم کورٹ بھجوانے کی استدعا

لاہور(امت نیوز)پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں نگراں حکومتوں کا معاملہ عدالتِ عظمیٰ کو بھجوانے کی استدعا کردی۔

پی ٹی آئی کے مرکزی سینئر نائب صدر فواد چوہدری  نے صدر عارف علوی کو خط لکھ دیا۔ جس میں وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کی جانب سے دستور سے انحراف کے پیشِ نظر معاملہ عدالتِ عظمیٰ کو بھجوانے کی سفارش کی گئی ہے۔

انہوں نے لکھا کہ دستور نگراں حکومتوں کو صاف شفاف انتخابات کے انعقاد کا واحد فرض سونپتا اور اس کیلئے 90 روز کی مہلت دیتا ہے، نگراں حکومتیں ایک طرح سے الیکشن کمیشن آف پاکستان ہی کی توسیع ہیں، دستور نگراں حکومتوں کو اہم پالیسی فیصلہ سازی سے روک کر روزمرہ کے امور کی انجام دہی تک محدود کرتا ہے۔

پی ٹی آئی کے سینئر رہنما نے لکھا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حکومت اور الیکشن کمیشن کے غیرآئینی اور غیرقانونی اقدامات کے باعث انتخابات کے حوالے سے دستور کی طے شدہ مدت گزر گئی۔ پہلے بھی سپریم کورٹ کو انتخابات کے انعقاد کی مدت کےتعین کیلئے عدالتِ عظمیٰ کو اپنا آئینی اختیار استعمال کرنا پڑا، پنجاب اور پختونخوا میں دونوں نگران حکومتیں اپنی آئینی مدت مکمل کرچکی ہیں، دستور نگران حکومتوں کے مدتِ کار میں توسیع کی اجازت نہیں دیتا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن تمام قوانین اور معقولیت کے تمام معیارات روندتے ہوئے ان نگرانوں کو دونوں صوبوں پر مسلط کئے ہوئے ہے، 90 روز گزر جانے کے بعد ان نگران حکومتوں کو کسی طرح قانونی نہیں کہا جاسکتا۔ 90 روز کی مدت گزر جانے کے بعد ان نگراں حکومتوں کی حیثیت ”غاصبوں“ کی سی ہے جنہیں فوراً ہٹایا جانا چاہئے۔ صدرِ مملکت سے استدعا ہے کہ آئین سے اس سنگین انحراف کا نوٹس لیں۔ صدرِ مملکت مشاورتی  دائرۂ اختیار کے تحت معاملہ عدالتِ عظمیٰ کو بھجوائیں۔