تاوان کیلئے اغوا کئے گئے 2نوجوان شاہ لطیف ٹاؤن تھانے سے بازیاب

کراچی(امت نیوز)اینٹی وائلنٹ کرائم سیل یونٹ پولیس نےقانون نافذ کرنے والے ادارے کے ہمراہ شاہ لطیف ٹاؤن تھانے پر چھاپہ مارکرتاوان کے لیے اغوا کیے گئے دومغوی نوجوانوں کو بازیاب کرا لیا۔

مغوی نوجوان اسد اورارمان کو زکریا گوٹھ سے50 لاکھ روپے تاوان کے لیے اغوا کیا گیا تھا اور 10 لاکھ روپے میں ڈیل طے ہوئی تھی

اے وی سی سی پولیس کے مطابق کیس ملنے کے بعد ٹیکنیکل بنیادوں پراغوا کاروں کی تلاش جاری تھی کہ مغوی نوجوانوں کے خاندان کو تاوان کے لیے فون آنا شروع ہو گئے اور اغوا کاروں نے مغویوں کی رہائی کے عوض تاوان کی رقم کی وصولی کے لے پہلے قائد آباد اورپھر شاہ لطیف ٹاؤن میں بلوایا گیا۔

4 ملزمان نے جیسے ہی تاوان کی رقم وصول کی تو اے وی سی سی پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا گیا اور ملزمان کی نشاندہی پرتھانے کے کمرے سے مغویوں کو بازیاب کرایا گیا۔

اے وی سی سی پولیس کے مطابق مغوی نوجوانوں کو ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن کی پرائیویٹ پارٹی نے اغوا کیا تھا

ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں مغویوں کو ملیر پولیس کی خصوصی ٹیم نے تھانے میں رکھا تھا، نہ میری موبائل کسی کو لینے گئی تھی نہ مجھے پتا ہے، خصوصی یونٹ مغوی نوجوانوں کو لے کرروانہ ہو گئی اور واقعے سے متعلق مزید تحقیقات شروع کردی ہے۔

شاہ لطیف ٹاؤن تھانے پراینٹی وائلنٹ کرائم سیل کےچھاپے کا ایس ایس پی ملیر نے نوٹس لے لیا۔

ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ واقعہ کی انکوائری میں خود کررہا ہوں، ملوث اہکاروں کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جارہی ہے،  سہولت کاری اور اغوا میں ملوث ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ بازیاب کرائے گئے نوجوانوں کے اغوا میں ملوث ملزمان کے خلاف تین مقدمات درج کرلیے گئے ہیں اور تینوں مقدمات سرکار مدعیت میں درج کیے گئے،  مقدمات میں دوپرائیوٹ افراد اورایک پولیس اہکاربھی شامل ہے جبکہ مقدمات میں منشیات فروشی اورایک ناجائز اسلحہ کی دفعات شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق مغویوں نوجوانوں کو کیوں اورکیسے تھانے میں رکھا گیا تھا اس حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں، پولیس افسران اورپولیس پارٹی کو بچانے کے لیے اغوا کا مقدمہ درج نہیں کیا گیا، اغوا کے کیس میں مخبروں کے خلاف منشیات کا مقدمہ درج کرکے خانہ پوری کی گئی ہے اورشاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے اپنے پیٹی بند بھائیوں کو بچانے کی کوشش کررہی ہے جبکہ شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کے ایس ایچ او نے اے سی وی سی سی پولیس کویقین دہائی کرائی تھی کہ نوجوانوں کے اغوا میں ملوث ملزمان کے خلاف 365 اے کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔