راولپنڈی: تھانہ کہوٹہ کے علاقہ دلہوڑ میں مفت آٹے کے تھیلے چھیننے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا۔
ملزمان 10 کلو وزنی حکومتی مفت آٹے کے 70 تھیلے چھین کر فرار ہوئے، آٹے کے تھیلوں کی عام مارکیٹ میں مالیت 45 ہزار سے زائد بنتی ہے۔
متاثرہ ٹرک ڈرائیور شفقت علی نے پولیس کو بتایا کہ نامعلوم ملزمان نے سوزوکی پک اپ گاڑی کھڑی کرکے آٹے کے تھیلوں سے لدے ٹرک کا راستہ روکا اور ٹرک میں سوار تمام افراد سے موبائیل فونز چھین لیے، اور اسی دوارن زبردستی ٹرک سے دس کلو آٹے کے بیگ لوٹنا شروع کردیے۔
ملزمان آٹے 70 کے تھیلے پک اپ گاڑی میں رکھ کر فرار ہو گئے، موقع پر موجود مقامی افراد نے بھی ٹرک سے آٹے کے تھیلے اتارے۔
واقعہ صبح کہوٹہ کے مضافاتی علاقہ دلہوڑ میں پیش آیا، پولیس نے مقدمہ رہزنی کی دفعہ کے تحت درج کیاگیا، پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔