ایرانی صدر نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان کو دورہ تہران کی دعوت دیدی

تہران (نیٹ نیوز) چین کی ثالثی میں سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد ایران اور سعودی میں قربتیں تیزی سے بڑھنے لگیں جس کے بعد تہران نے شاہ سلمان کو اپنے ملک کے دورے کی باضابطہ دعوت دیدی ہے۔

خیال رہے کہ مارچ میں چین کی ثالثی میں ہونے والے معاہدے کے بعد دونوں علاقائی حریفوں نے برسوں کی دشمنی ختم کرنے پر اتفاق کیا اور سات سال سے جاری سفارتی دراڑ کو ختم کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔

ایرانی وزارت داخلہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی صدر رئیسی نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان کو ریاض کی طرف سے دی گئی دورے کی دعوت کے جواب میں دعوت نامہ بھیجا ہے۔

ایرانی میڈیا نے خبر دی ہے کہ دونوں ممالک کے تکنیکی وفود اپنے سفارتی مشن کو باضابطہ طور پر دوبارہ کھولنے کی تیاری کر رہے ہیں اور تہران نے کہا کہ مشن 9 مئی تک اپنی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دیں گے۔