لاہور(امت نیوز)جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما لیاقت بلوچ نے منگل کو پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی، اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر چوہدری سرور اور جنرل سیکرٹری چوہدری شافع بھی موجود تھے۔
لیاقت بلوچ نے لیگی قیادت سے پاکستان میں جاری سیاسی تناؤ کو کم کرنے میں تعاون کی درخواست کی، ملاقات میں ملک بھر میں انتخابات ایک ہی روز کروانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ ہم بھی سیاسی بحران کو ختم کرنا چاہتے ہیں تاکہ ملکی اگے بڑھ سکے، پہلی بار ہے کہ ادارے آپس میں دست و گریباں ہیں، یہ حالات ملک کے لئے کسی صورت مناسب نہیں ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ سیاسی بحران کو ختم کرنے کے لئے ایک دن الیکشن ہونے چاہئے، ملک کی معاشی صورتحال بار بار انتخابات کی متحمل نہیں ہو سکتی، سیاست دانوں کو ملکر عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کا سوچنا ہو گا۔