لاہور(امت نیوز)نیب نے چوہدری مونس الہیٰ کے خلاف اسپین میں جائیدادیں بنانے کے معاملے پر تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا۔
نیب لاہور کے خط پر اسپین حکام نے پرویز الہٰی خاندان کی جائیدادوں کی تفصیلات فراہم کر دیں۔ ذرائع کے مطابق مونس الہٰی نے کچھ عرصے کے دوران اسپین میں 40 کروڑ کی جائیدادیں اور اثاثہ جات خریدے۔
ہسپانوی حکام کی جانب سے تفصیلات فراہم کرنے کے بعد نیب لاہور نے چوہدری مونس الہیٰ کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مونس الہیٰ کی جائیدادوں میں تین پارکنگ پلازہ، ایک اسٹوریج ہال، بارسلونا میں ہوٹل، ایک ملٹی اسٹوری پلازہ، کیناری جزیروں پر مختلف جائیدادیں، پھلوں کے باغ اور ایک ٹیکسی سروس شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق خط میں بتایا گیا کہ مونس الہٰی کے پاس اسپین کا رہائشی پرمٹ ہے، تمام سرمایہ کاری پرمٹ کی بنیاد پر کی جاتی ہے۔ بارسلونا میں ’’23 سی ڈی جوزف پلازہ اور کمرشل سنٹر میں اپارٹمنٹس مونس الہٰی کے زیر استعمال ہیں۔
دسمبر 2022 سے مونس الہٰی انہی دو اپارٹمنٹس پر رہائش پذیر ہیں۔ انھوں نے بینک لیز پر 250 ٹیکسی گاڑیاں لے کر ٹیکسی سروس بھی شروع کی جبکہ ثاقب طاہر اور چوہدی امتیاز نامی دو افراد اسپین میں چوہدری فیملی کی جائیدادوں کے کیئر ٹیکر ہیں۔