آخری ٹی 20 میچ 24 اپریل کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا

راولپنڈی(امت نیوز) پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچواں اور آخری ٹی 20 انٹرنیشنل میچ 24 اپریل کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ، پاکستان کو سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہے۔

سیریز کے پہلے تین میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے ، گرین شرٹس نے پہلے اور دوسرے میچ میں بالترتیب 88 اور 38 رنز سے کامیابی حاصل کی جبکہ تیسرے ٹی 20 میچ میں مہمان ٹیم نیوزی لینڈ نے شاندار کم بیک کیا اور پاکستان کو 4 رنز سے شکست دی ، دونوں ٹیموں کے درمیان راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا چوتھا ٹی 20 میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا،

سیریز کے پانچویں اور آخری ٹی 20 میچ میں دونوں ٹیموں کے مابین کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے، پاکستانی ٹیم مایہ ناز بیٹر بابر اعظم کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ نیوزی لینڈ کو ٹام لیتھم لیڈ کریں گے۔

ٹی 20 سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز 27 اپریل سے شروع ہو گی ، سیریز کا دوسرا میچ 29 اپریل، تیسرا میچ 3 مئی، چوتھا میچ 5 مئی جبکہ پانچواں اور آخری میچ 7 مئی کو کھیلا جائے گا، سیریز کے پہلے دو میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم جبکہ آخری تین میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے ۔