سوڈان میں عید کے روز بھی جھڑپیں ،ہلاکتیں 400سے بڑھ گئیں

خرطوم (امت نیوز)سوڈان میں فوج اور باغی پیرا ملٹری فورس کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جنگ بندی کے باوجود عید کے روز بھی جاری رہا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سوڈان میں عید الفطر کی نماز کے دو گھنٹے بعد ہی شدید فائرنگ اور متحارب فورسز کے ایک دوسرے پر حملوں کا سلسلہ شروع ہوگیا

اس سے قبل حکومتی فوج اور باغی پیرا ملٹری فورس کی قیادت کے درمیان عید الفطر پر تین دن کے لیے مکمل جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا تھا تاہم اب دونوں معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام ایک دوسرے پر عائد کر رہے ہیں۔

فوج اور ریپڈ ری ایکشن فورس کے درمیان گزشتہ روز ہونے والی جھڑپوں میں دو طیارے بھی تباہ ہوئے جب کہ 5 روز سے جاری جھڑپوں میں ہلاکتیں 410 سے تجاوز کرگئیں جبکہ 2 ہزار کے قریب زخمی ہیں۔

ہلاک ہونے والوں میں عالمی ریسکیو ادارے کے لیے کام کرنے والے 5 مقامی امدادی کارکن بھی شامل ہیں جب کہ امریکا اور یورپی یونین کے سفارتی عملے پر بھی حملہ ہوا تھا تاہم وہ بال بال بچ گئے تھے۔

واضح رہے کہ ملک پیرا ملٹری فورس نے اپنی فوج کے خلاف بغاوت کردی ہے اور سیاسی بحران کے شکار سوڈان میں عدم استحکام اور امن و امان کی مخدوش حالت مزید ابتر ہوگئی۔