جدہ(اُمت نیوز) 91 سعودی شہری اور 12 ممالک کے تقریباً 66 شہری جنہیں پورٹ سوڈان سے سمندری راستے سے لایا گیا تھا جدہ پہنچے ہیں۔ ان شہریوں کا سوڈان سے انخلاء رائل سعودی نیول فورسز کے ذریعے ممکن ہوا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قیادت کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے سوڈان سے نکالے گئے مملکت کے شہری اور برادر اور دوست ممالک کے متعدد شہری جن میں سفارت کار اور بین الاقوامی حکام بھی شامل ہیں جدہ پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکی شہری 12 ملکوں سے تعلق رکھتے ہیں جن میں کویت، قطر، امارات، مصر ، تونس، پاکستان، ہندوستان، بلغاریہ، بنگلہ دیش، فلپائن، کینیڈا اور برکینا فاسو کے شہری شامل ہیں۔ ریاض نے انہیں تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کام کیا اور اب ان شہریوں کی ان کے ملکوں کو روانہ کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
سعودی نائب وزیر خارجہ ولید الخیریجی نے جدہ میں مغربی بحری بیڑے کے کنگ فیصل نیول بیس پہنچنے پر مقامی اور غیر ملکی شہریوں کی پہلی کھیپ کا استقبال کیا۔ان افراد کو بحری جہاز "ہز میجسٹی کنگ جبیل” پر لایا گیا۔
قبل ازیں سعودی وزارت خارجہ نے سوڈان سے سعودی شہریوں اور برادر اور دوست ممالک کے متعدد شہریوں کے انخلا کے انتظامات شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
سعودی عرب کی پریس ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق یہ اقدامات خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایات کے مطابق کیے گئے ہیں جن کا مقصد خانہ جنگی کا شکار سوڈان سے غیرملکی شہریوں کے انخلا میں مدد دی جا سکے۔
سوڈان میں سعودی سفیر نے العربیہ ٹی وی کو بتایا کہ 3 قافلوں نے سعودی شہریوں اور دوسرے ممالک کے شہریوں کو انخلا کی تیاری میں انہیں پورٹ سوڈان پہنچایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ” قافلوں کو پورٹ سوڈان پہنچنے تک روکا نہیں گیا”۔
کویت نےکل ہفتے کے روزسوڈان میں پھنسے ہوئے تمام شہریوں کے انخلاء کا اعلان کیا جو وہاں سے واپس آنا چاہتے تھے۔
کویتی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ شہری سعودی عرب کے شہر جدہ میں بہ حفاظت پہنچ گئے اور انہیں ملک منتقل کیا جا رہا ہے۔