مظفرآباد(امت نیوز) آزاد کشمیر کی نئی حکومت میں کابینہ کی تشکیل التوا کا شکار ہو گئی ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارتوں کے معاملے پر اختلافات کے باعث اسپیکر قانون ساز اسمبلی کے انتخاب تک کابینہ کی تشکیل روک دی گئی ہے
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ وزراء کو محکموں کی تفویض پر پی ڈی ایم بھی اختلافات کا شکار ہے
پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن، پی ٹی آئی کے فارورڈ بلاک نے متفقہ طور پر وزیراعظم آزاد کشمیر کا انتخاب کیا تھا، 12 اراکین اسمبلی پر مشتمل پی ٹی آئی کا فارورڈ بلاک حکومت میں شامل ہو چکا ہے۔
اسپیکر اسمبلی کی نشست پر متفقہ امیدوار پیپلز پارٹی کے چوہدری لطیف اکبر کو بنایا جانا تھا تاہم پی ٹی آئی کے چوہدری مقبول گجر نے ان کے مقابلے میں کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے
دوسری جانب پی ٹی آئی آزاد جموں کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس زمان پارک میں ہو گا جس کی صدارت چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کریں گے۔
اجلاس میں آزاد کشمیر اسمبلی کے اسپیکر کے انتخاب کے لیے حکمت عملی طے کی جائے گی، اجلاس میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورت حال پر بھی تفصیلی مشاورت ہو گی