سوات (اُمت نیوز)سوات کے علاقے کبل میں سی ٹی ڈی تھانے میں ہونے والے دھماکے سے سی ٹی ڈی کے 2 افسروں سمیت 15 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ 57 زخمیوں میں سے 8 کی حالت تشویشناک ہے۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی خالد سہیل نے بتایا کہ تھانہ سی ٹی ڈی کبل میں دھماکا ہوا، دھماکے سے تھانے کی عمارت بیٹھ گئی، دھماکے سے علاقے کی بجلی منقطع ہو گئی، دھماکے کی نوعیت معلوم کی جا رہی ہے۔
خالد سہیل کے مطابق تھانہ سی ٹی ڈی کبل میں 2 دھماکے ہوئے ، تھانے میں اسلحہ اور مارٹر گولے بھی موجود تھے، ممکن ہے مارٹرگولے پھٹنے سے دھماکے ہوئے ہوں، خود کش دھماکا بھی ہو سکتا ہے۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کا کہنا تھا تھانے کے گیٹ پر دھماکانہیں ہوا، عموماً خود کش حملہ آور گیٹ پر ہی خود کو اڑا دیتا ہے، تھانےکی عمارت پرانی تھی، بیشتر دفاتر اور اہلکار نئی عمارت میں تھے۔
آئی جی خیبر پختونخوا اختر حیات گنڈاپور کا کہنا نے دھماکے میں 5 افراد کی شہادت اور 15 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔
بعد ازاں پولیس حکام نے بتایا کہ تھانے کے اندر ہونے والے دھماکے میں جاں بحق پولیس اہلکاروں کی تعداد 15 ہو گئی ہے جبکہ40 سے زائد زخمی ہیں جن کا علاج جاری ہے۔