لاہور:خواتین کو چھیڑنے سے منع کرنے پرامیرزادوں کاریسٹورنٹ اسٹاف پرتشدد

لاہور(امت نیوز) گزشتہ روز تھانہ ڈیفنس سی کی حدود میں ریسٹورنٹ میں آنے والی خواتین کو حراساں اور چھیڑ چھاڑ سے منع کرنے پر بگڑے امیر زادوں کا ریسٹورنٹ پر دھاوا بول  دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق  لاہور میں خواتین کو چھیڑنے سے منع کرنے پر بگڑے امیر زادوں نے ریسٹورنٹ میں توڑ پھوڑ کرڈالی اور وہاں موجود فیملیز اور ریسٹورنٹ سٹاف کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

ریسٹورنٹ انتظامیہ نے بتایا کہ ملزمان نے ریسٹورنٹ میں غنڈہ گردی کے بعد فون کرکے مزید مسلح ساتھیوں کو بھی بلا لیا۔ ساتھیوں نے ایک بار پھر توڑ پھوڑ کی اور فیملیز اور اسٹاف کو دھمکاتے رہے۔ واقعہ کے 30 منٹس بعد پولیس موقع پر پہنچی لیکن ملزمان کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں ہوئی۔

ریسٹورنٹ انتظامیہ نے یہ بھی بتایا کہ ملزمان اب تک مسلسل ریسٹورنٹ کے گرد چکر لگا رہے ہیں اور دھمکیوں پہ دھمکیاں دے رہے ہیں۔ ریسٹورنٹ کے مینیجر کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف تھانہ ڈیفنس سی میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔