کراچی : اورنگی میں عوام نے ڈکیت مار ڈالا-مقابلوں میں 2 ملزم ہلاک

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اورنگی ٹاؤن اردو چوک کے قریب لوٹ مار کرنے والے افراد کو شہریوں نے پکڑلیا۔ عوام کے تشدد سے ایک ڈکیت ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلوں میں دو ملزمان مارے گئے جبکہ پولیس نے 10 زخمیوں سمیت 12ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن اردو چوک پر عیدالفطر کے پہلے روز ملزمان لوگوں سے لوٹ مارکررہے تھے کہ اس دوران وہاں موجود لوگوں نے ہمت کر کے ڈکیتوں کو پکڑ لیا جس پر مزید لوگ جمع ہوگئے اور ملزموں کو بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

واقعے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور ملزمان کو لوگوں کے چنگل سے نکال کر اپنی تحویل میں لیا۔ ملزمان کو اسپتال منتقل کیا جانے لگا تاہم اس دوران ایک ملزم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ پولیس کے مطابق ہلاک اور زخمی ڈاکو کی شناخت نہیں ہوسکیں اور زخمی ڈکیت کی حالت بھی تشویشناک ہے ۔ ایس ایچ او مومن آباد اصغر کانگو نے بتایا کہ اورنگی ٹاؤن 10 نمبر اردو چوک کے قریب حجام کی دکان میں 2 ڈاکو لوٹ مار کر کے فرار ہو رہے تھے کہ عوام نے انھیں پکڑلیا اور دوران کئی افراد جمع ہوگئے اور انھوں ںے پکڑے گئے ڈاکوؤں کو تشدد کا نشانہ بنا کر شدید زخمی کر دیا واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں ڈاکوؤں کو مشتعل عوام کے چنگل سے نکال کر اسپتال روانہ کیا تاہم ایک ڈاکو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرے شدید زخمی ڈاکو کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

انھوں ںے بتایا کہ ڈاکوؤں کے قبضے سے اسلحہ ، گولیاں اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے جبکہ فوری طور پر دونوں کی شناخت نہیں ہو سکی جن کی عمریں 25 سے 28 سال کے درمیان ہیں۔ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں ملزمان راہگیروں سے لوٹ مار کررہے تھے کہ اس دوران پولیس موقع پر پہنچی تو پولیس اور ملزمان کی درمیان مقابلہ ہوا ۔ پولیس نے مقابلے کے بعد دو ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا زخمی ملزموں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک ملزم چل بسا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان عامر نامی شہری سے نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہو رہے تھے۔

پولیس پہنچی تو ملزمان نے فائرنگ کر دی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے 1 زخمی سمیت دونوں ملزمان پکڑے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 3 پستول، چھینی گئی رقم 12 ہزار روپے، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کی ہے، جبکہ زخمی ڈاکو کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دورانِ علاج دم توڑ گیا ،ساحل پولیس نے سی ویو دو دریا عمار ٹاور کے قریب مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو کو ہلاک کر کے اسلحہ برآمد کرلیا ، ایس ایچ او ساحل اعظم راجپر نے بتایا کہ علاقہ گشت پر مامور پولیس اہلکاروں موٹر سائیکل سوار مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ دیا جس پر ملزم نے پولیس پر فائرنگ کر دی اور موقع سے فرار ہو رہے تھے کہ پولیس نے ان کا تعاقب کیا اور جوابی فائرنگ میں ایک ملزم مارا گیا جبکہ اس کا ساتھی موٹر سائیکل سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے ، انھوں ںے بتایا کہ مارے جانے والے ملزم کے قبضے سے اسلحہ ، موبائل فون اور ایک پرس ملا ہے جبکہ اس کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی اس حوالے سے پولیس بائیو میٹرک سسٹم کی مدد سے کوششیں کر رہی ہے ، پولیس نے ہلاک ملزم کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی جسے بعدازاں تلاش ورثا کے لیے سرد خانے میں رکھوا دیا ۔ گارڈن کے علاقے میں ملزمان راہگیروں سے لوٹ مار کررہے تھے۔ گارڈن پولیس واردات کی اطلاع پر پہنچی جہاں ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی،

پولیس کی جوابی فائرنگ سے 2 ملزمان زخمی ہو گئے، زخمیوں میں شیر علی اور عبدالرحیم شامل ہیں، ملزمان کا تعلق لیاری سے ہے جوہر آباد میں بھی فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک اسٹریٹ کرمنل کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ گشت پر مامور پولیس نے ملزم کو مشکوک جان کر رکنے کا اشارہ کیا تھا۔ملزم نے رکنے کی بجائے پولیس پر فائرنگ کی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ر زخمی ملزم کی شناخت حسین ولد عمران کے نام سے ہوئی ہے۔مبینہ ٹاؤن کے علاقے اسپارکو روڈ کبوتر چورنگی کے قریب پولیس نے مقابلے کے بعد تین ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

ملزمان میں سجاد، سمیر اور سمیع اللہ شامل ہیں جن کے قبضے ے تین پستول ، موٹر سائیکل اور دیگر سامان برآمد ہوا۔ ملزمان کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ تیموریہ پولیس نے نارتھ ناظم آباد بلاک این میں مقابلے کے بعد زخمی ملزم محمد بلال اور اسکے ساتھی محمد جمیل کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے اسلحہ ، دو چھینے ہوئے موبائل فون اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔ سائٹ سپرہائی وے صنعتی ایریا تھانے کی حدود سپر ہائی وے اسلام آباد ہوٹل کے قریب ملزمان راہگیروں سے لوٹ مار کررہے تھے کہ اس دوران پولیس موقع پرپہنچی ۔ پولیس اور ملزمان میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم عبدالحکیم زخمی ہوگیا ۔ پولیس نے زخمی ملزم اور اسکے ساتھی روزی اللہ کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔زخمی ملزم کو اسپتال منتقل کیا گیا واقعے کی مزید جانچ جاری ہے۔