ایف آئی اے نے افتخار رسول گھمن کی گرفتاری ظاہر کردی

اسلام آباد (امت نیوز)ایف آئی اے نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے سکیورٹی انچارج افتخار رسول گھمن کی گرفتاری ظاہر کردی۔

ایف آئی اے کے مطابق افتخار رسول گھمن کو  12 اپریل  کو گرفتار کیا گیا، ملزم   ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور میں درج مقدمہ نمبر 291/2001 میں گزشتہ 22 سال سے مفرور تھا۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے بعد ملزم افتخار رسول گھمن عدالتی احکامات پر کیمپ جیل لاہور میں ہے ایف آئی اے کے پاس نہیں، اس کے علاوہ ملزم افتخار گھمن ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ سرکل لاہور میں درج مقدمہ نمبر 06/2023 میں بھی نامزد ہے۔

دوسری جانب عمران خان نے اپنے سکیورٹی انچارج افتخار رسول گھمن کی ایف آئی اے کی تحویل میں ہونے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری سکیورٹی کمزور کرنے کیلئے افتخار گھمن کو جان بوجھ کر ہدف بنایا جارہا ہے۔

 

 

سابق وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ میں لکھا کہ میرے سکیورٹی انچارج افتخار گھمن تاحال ایف آئی اے کی تحویل میں ہیں، وہ سمندر پار مقیم پاکستانی ہیں جنہوں نے اپنا سب کچھ چھوڑا اور حقیقی آزادی کے حصول کے لیے ہمارا ہاتھ بٹانے پاکستان آئے میری سیکورٹی کمزور کرنے اور تحریک انصاف کی صفوں میں خوف و ہراس پھیلانے کے لیے انھیں جان بوجھ کر ہدف بنایا جارہا ہے ہم بخوبی واقف ہیں کہ اس سب کے پیچھے کون ہے۔