کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایس آئی یو پولیس نے قتل اور بھتہ خوری میں ملوث کالعدم تنظیم کے2 دہشت گردوں کوگرفتارکرلیا۔
ایس ایس پی ایس آئی یو جنید احمد شیخ کے مطابق گرفتار ملزمان محمد کمال خان ولد طوطا خان اورعبدالقادر ولد ارشاد حسین انتہائی خطرناک مجرم ہیں جن کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے ۔انہوں نے افغانستان میں موجود ٹی ٹی پی قیادت کے حکم پر قتل اور بھتہ خوری کے خوفناک کے انکشافات کیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے کچھ عرصہ قبل صدر کے ایک تاجر سے تحریک طالبان پاکستان کے لیے بھتہ طلب کیا تھا جس پر ایک مقدمہ پریڈی تھانے میں درج ہوا اور تفتیش ایس آئی یو کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ رواں سال ملزمان نے بھتہ نہ دینے پر بنارس میں قیوم گوشت والے کو اپنے دیگر ساتھیو ں کے ساتھ مل کرقتل کیا ۔ جس کا مقدمہ الزام نمبر 20/23 پیر آباد تھانے میں درج ہے۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ 2022 میں ملزمان نے گلشن معمارمیں افغان شہری سعید احمد کو افغانستان میں موجود طالبان کی مخبری امریکی ایجنسی کو کرنے کے شبہ میں قتل کیا جس پر افغانستان میں موجود تحریک طالبان پاکستان نے 20 لاکھ روپے انعام کے طور پر انہیں بھیجے جو انہوں نے آپس میں تقسیم کیے ۔
انہوں نے بتایا کہ اس قتل کے متعلق مقدمہ الزام نمبر 574/22 تھانہ گلشن معمار میں درج ہے ۔گرفتارملزمان کے انکشافات کے بارے میں متعلقہ تھانوں کو مطلع کیا گیا ہے گرفتار ملزمان سے مزید سنسنی خیز انکشافات کی توقع ہے