کراچی(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کا کہناہے کہ والدہ کی موت کا غم بھلانے کےلئے انہیں ادویات کا سہارا لینا پڑا۔
حال ہی میں فاسٹ بولر نسیم شاہ نے نجی چینل کو انٹرویو میں بتایا کہ 2019 میں 16 برس کی عمر میں جس وقت کرکٹ میں ڈیبیو کیا اس وقت اپنی والدہ کو کھو دیا، یہ مشکل وقت تھا لیکن اپنی والدہ کی خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے میچ کھیلا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ان کی زندگی کا بہت مشکل وقت تھا، اس حوالے سے اب بھی کسی سے بات نہیں کرسکتے کیونکہ انہیں اپنے غم دنیا کے سامنے لانا پسند نہیں ہے۔
انہوں بتایا کہ والدہ کا غم اس قدر شدید تھا کہ اس سے نکلنے اور سکون حاصل کرنے کے لئے ادویات کا سہارا بھی لینا پڑا۔
اب گاؤں میں اپنے گھر جانا مشکل لگتا ہے، وہاں جاتا ہوں تو والدہ کی یادیں تازہ ہوجاتی ہیں لگتا ہے کہ وہ گھر میں بیٹھی ہیں اور ان سے دل کی باتیں شیئر کر رہا ہوں۔ ابھی بھی اگر کبھی پریشان ہوں تو اپنے خیالوں میں ان سے باتیں کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہی وجہ ہے کہ اب کوشش ہوتی ہے کہ کم سے کم گاؤں جاؤں بلکہ اب ان تمام چیزوں کو بھولنا شروع کردیا ہے جن سے والدہ کی یادیں جُڑی ہیں