اسلام آباد(امت نیوز) برطانوی جریدے دی اکانومسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ مہنگائی، ٹیکسوں کا بوجھ بڑھنے سے پاکستان کی موجودہ حکومت مقبولیت کھو چکی ہے۔ تاہم اس کے باوجود موجودہ حکومت کا اپنی مدت پوری کرنے کا امکان ہے اور پاکستان میں عام انتخابات اکتوبر 2023 میں ہوں گے
اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ نے پاکستان کی کنٹری رپورٹ جاری کر دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ڈالر 2023 میں 291 روپے رہنے کا امکان ہے جبکہ 2025 میں امریکی ڈالر 302 تک جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سال 2024 سے 2027 کے دوران پاکستانی روپیہ کمزور رہے گا۔
دی اکانومسٹ کی رپورٹ میں پاکستان میں شرح سود بھی مزید 2 فیصد بڑھ کر 23 فیصد تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں سیاسی عدم استحکام، سکیورٹی اور معاشی کمزوریاں بڑے مسائل قرار دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچنے کے لیے نیا آئی ایم ایف پروگرام لینا پڑے گا۔