راولپنڈی (امت نیوز)کوٹلی ستیاں کے علاقے میں فائرنگ سے تحریک انصاف کے مقامی رہنما احسان ستی جاں بحق اور ان کا ساتھی زخمی ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے مقامی رہنما راجہ احسان ستی گاڑی پر سانٹھ سرولہ سے گزر رہے تھے کہ مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس سے راجہ احسان ستی اور جاوید عباسی زخمی ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راجہ احسان ستی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کے باعث پیش آیا۔
سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے واقعے کا نوٹس لے کرایس ایچ اوکوٹلی ستیاں کو ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھ کر واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، موقع سے شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں، ملزمان کو گرفتار کرکے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔