سابق آرمی چیف کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کرپیش کیا گیا،آئی ایس پی آر

راولپنڈی (امت نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج میں موجود بعض ہتھیاروں سے متعلق میڈیا میں بحث ہوئی، سابق آرمی چیف کی گفتگو سیاق وسباق سے ہٹ کرپیش کی گئی۔

آئی ایس پی آر نے سابق آرمی چیف کے گفتگو سے متعلق تبصروں پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حال ہی میں پاکستان آرمی کے پاس موجود بعض ہتھیاروں کے نظام کی صورتحال کے پیش نظر پاک فوج کی جنگی صلاحیت قابلیت کے بارے میں میڈیا میں مباحثے کیے گئے، پاکستان کے لیے مستقبل کے خطرات کے بارے میں سابق آرمی چیف کے خیالات کو بنیاد بنا کر اس موضوع پر اظہار خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ سابق آرمی چیف نے ایک آف دی ریکارڈ انٹرایکٹو سیشن میں میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ ان امور پر بات چیت کی ، جسے میڈیا میں سیاق و اسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ پاک فوج کو اپنی آپریشنل تیاریوں اور جنگی قابلیت پر فخر ہے اور پاک فوج ہر طرح کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے تیار ہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ مسلح افواج دفاع کے لئے ہتھیاروں اور جنگی ساز و سامان ہمیشہ تیار رکھتی ہیں، مسلح افواج جنگی وسائل سے بھرپور ہیومن ریسورس کی حامل ہیں۔