انتخابات کا معاملہ، حکومت اور پی ٹی آئی میں مذاکرات کا دوسرا دور آج

اسلام آباد (امت نیوز) ملک میں ایک ہی دن انتخابات کے معاملے پر حکومت اور پی ٹی آئی بالآخر ایک میز پر آگئے، گزشتہ روز دو گھنٹے کی نشست کے بعد آج دوبارہ دن تین بجے مذاکرات کا دوسرا دور شروع ہوگا۔

حکومتی نمائندوں اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان گزشتہ روز ملک میں ایک ہی دن انتخابات کرانے کے معاملے پر مذاکرات کا پہلا دور ختم ہوا۔

حکومت کی جانب سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور وفاقی وزیر ایاز صادق جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی، سید نوید قمر، ایم کیو ایم کی کشور زہرہ اور محمد ابو بکر مذاکراتی ٹیم کا حصہ تھے۔

مولانا فضل الرحمان کی جماعت کا کوئی نمائندہ حکومت کی مذاکراتی ٹیم کا حصہ نہیں بنا، تحریک انصاف کی جانب سے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری اور معروف قانون دان سینیٹر علی ظفر نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کیے۔

تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے پہلے دور میں پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ دینے پر زور دیا، عمران خان جولائی تک قومی اسمبلی کی تحلیل چاہتے ہیں، جولائی کے بعد اسمبلی کی تحلیل پی ٹی آئی کو قبول نہیں ہوگی۔

عمران خان الیکشن کی تاریخ کو جولائی میں اسمبلی تحلیل کے ساتھ طے کرنا چاہتے ہیں، حکومتی ٹیم نے اتحادی جماعتوں سے مزید مشاورت کرنے کا کہا جس کے بعد مذاکرات کا پہلا دور ختم کر دیا گیا۔