امریکی شہری 24 سے 48 گھنٹوں میں سوڈان چھوڑ دیں: وائٹ ہاؤس

امریکہ (اُمت نیوز)امریکی صدارتی دفتر وائٹ ہاؤس نے سوڈان میں موجود امریکی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ خلفشار کے شکار ملک کی صورتحال کسی بھی لمحے میں بگڑ سکتی ہے۔ امریکی شہری 24 سے 48 گھنٹوں میں سوڈان چھوڑ دیں۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان کارین جان پئیر نے ایک بیان میں کہا کہ "امریکی انتظامیہ سوڈان میں جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کے بارے میں تشویش رکھتی ہے اور حالات سے نمٹنے کے لئے وزارت خارجہ نے مزید قونصلر عملہ تعینات کر دیا ہے۔”
جان پئیر کے مطابق "سوڈان کی صورتحال کسی بھی وقت مزید خراب ہو سکتی ہے۔ ہم [امریکی انتظامیہ] امریکی شہریوں کی سوڈان سے بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کے لئے مسلسل کوشاں ہیں۔”
ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا تھا "ہم اپنے شہریوں کے انخلا کو محفوظ بنانے کے لئے انٹیلی جنس، سرویلنس اور جاسوسی کے اثاثے بھی استعمال کر رہے ہیں۔”
امریکی ترجمان کے اس بیان کے تھوڑی دیر بعد سوڈان کی فوج اور سریع الحرکت ملیشیا [آر ایس ایف] نے جنگ بندی میں 72 گھنٹوں کی توسیع پر اتفاق کا اعلان کیا۔
سوڈان میں متحارب عسکری گروپس کے درمیان لڑائی کے سبب رہائشی علاقے میدان جنگ میں تبدیل ہو گئے ہیں جس کے سبب دسیوں ہزاروں افراد اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہیں۔ دو ہفتے سے جاری لڑائیوں کے دوران سینکڑوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔