مردم شماری کی تاریخ میں 5 ویں مرتبہ توسیع

اسلام آباد(اُمت نیوز)حکومت نے مردم شماری کی تاریخ میں 5 ویں مرتبہ توسیع کر دی ہے۔31  مارچ کی ڈیڈ لائن بار بار کی توسیع کے بعد 15 مئی تک پہنچ گئی۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو علاقے رہ گئے ان کو بھی شامل کیا جائے، ایسی مردم شماری چاہتے ہیں جو سب کیلئے قابل قبول ہو، ہر پاکستانی سے اپیل ہے کہ مردم شماری کیلئے رابطہ کریں، کامیاب مردم شماری کیلئے تمام سیاسی جماعتوں سے تعاون کی اپیل ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ مردم شماری کے محکمے نے سپارکو سے مدد لی ہے، ملک میں پہلی دفعہ ڈیجیٹل مردم شماری ہو رہی ہے، شہری علاقوں میں گنتی کا عمل سست روی کا شکار ہے، دور دراز علاقوں میں بھی مکمل تعداد نہیں گنی جا سکی، کچھ علاقوں کی آبادی میں غیر معمولی اضافہ بھی ہوا۔ لیگی رہنما نے کہا کہ اس سلسلے میں میڈیا کیمپین کی جائے گی، وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے آبادی کو صحیح گننا ضروری ہے، ڈیجیٹل مردم شماری میں یہ فائدہ ہے کہ اسے فوری طور چیک کیا جا سکتا ہے، مردم شماری پر سیاسی جماعتوں کو اعتراض تھا، سب جماعتوں کے ساتھ پراگریس شیئر کی ہے، مردم شماری کی بروقت تکمیل کیلئے سیاسی جماعتوں سے تعاون کا بھی کہا ہے، امید ہے اس عمل کو وقت پر مکمل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔