آزادکشمیرمعاشی مشکلات حل کرنے کیلئے وفاقی حکومت سے مدد لینے کافیصلہ

اسلام آٰباد( امت نیوز)آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق کی صدارت میں اتحادی جماعتوں کا اجلاس جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ہوا ۔اجلاس میں پیپلز پارٹی کے صدر چوہدری محمد یٰسین ،مسلم لیگ ن کے صدر شاہ غلام قادر ، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان ،سابق صدر و وزیراعظم سردار محمد یعقوب خان ،چوہدری لطیف اکبر موسٹ سینئر وزیر کرنل (ر) وقار نور اور وزیر حکومت راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے شرکت کی ۔اجلاس کے دوران مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اجلاس میں آزادکشمیر کی مالی صورتحال اور درپیش چیلنجز پر غور کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اجتماعی دانش کے ذریعے تمام درپیش مسائل کو حل کیا جائے گا ۔اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ وفاقی حکومت سے مل کرآزادکشمیر کی معاشی مشکلات کو حل کیا جائے گا ۔اجلاس کے شرکاء نے وزیراعظم چوہدری انوار الحق پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ۔ تحریک آزادی کشمیر کے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ شہدائے کشمیر کے مشن کو ہر حال میں مکمل کیا جائے گا۔